ملک کے وفاقی دارالحکومت کو رہائشیوں کے لیے ایک محفوظ شہربنانے کے جذبے سے سمارٹ پٹرولنگ گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔
معتبر ذرائع کے مطابق ، اسلام آباد پولیس کے پاس پہلے ہی نگرانی کے مقاصد کے لئے شہر کے آس پاس متعدد گاڑیاں تعینات ہیں۔ نومنتخب وزیر داخلہ ، شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وہ کیمروں ، میگا فونز ، سرچ لائٹس ، فرسٹ ایڈ کٹس اور بہت سے دوسرے گیجٹس سے لیس مکمل جدید ترین گشت والی گاڑیاں متعارف کراتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے موجودہ پولیسنگ سسٹم کی بحالی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اسلام آباد پولیسنگ ڈیپارٹمنٹ میں نئی اصلاحات اور پالیسیوں پر اس وقت کام ہو رہا ہے اور ان کے نفاذ کے بعد یقینناً شہر کو رہنے کے لئے ایک محفوظ مقام بنایا جا سکے گا۔ محکمہ کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ایک چیکنگ سسٹم سمارٹ کاروں پر نصب ہوگا۔ اور شفاف اور موثر پولیسنگ کے لئے محکمہ کومزید کاریں فراہم کی جائیں گی۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ دارالحکومت میں پولیسنگ کی نئی حکمت عملیوں کو متعارف کرایا جانا ہے تاکہ اس کےرہائشیوں کو پیش آنے والی تکلیف سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جب پولیس کے پاس ان سمارٹ کاروں کا دستہ موجود ہے تو شہر میں باقی چوکیوں کو ہٹانے کے منصوبے پر بھی غور جاری ہے ۔