راولپنڈی: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرنے والے ‘وزیراعظم’ کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق ’وزیراعظم‘ کو پبلک آرڈر کے تحت 15 روز کے لیے حراست میں لیا گیا ہے، سی پی او راولپنڈی نے انہیں خطرناک قرار دیا تھا۔ وزیراعظم کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 40 سالہ وزیراعظم ولد اللہ رکھا کو فوری طور پر حراست میں لیا جائے بصورت دیگر راولپنڈی کا امن تباہ ہو سکتا ہے۔وزیراعظم ولد اللہ رکھا میلسی ضلع وہاڑی کا رہائشی ہے اور عارضی طور پر راولپنڈی میں مقیم تھا۔
تھانہ سٹی پولیس نے سی پی او کے حکم پر وزیراعظم کو گرفتار کرکے نظر بندی کے احکامات کے ساتھ جیل بھیج دیا، وزیراعظم کے بھائی نے وزیراعظم کی نظر بندی کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم پرامن اور باعزت شہری ہیں، پولیس نے انہیں گرفتار کرکے زیادتی کا نشانہ بنایا، لہٰذا انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست کی سماعت پیر کو ہوگی۔