افریقہ میں کوویڈ 19 کے تمام کیسز میں سے ایک تہائی سے زیادہ کیسز جنوبی افریقہ میں پائے گئے ہیں اور وائرس کی نئی شکل سامنے آنے کے ساتھ ہی تعداد میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ لیکن دنیا کے دیگر بری طرح متاثرہ ممالک کے برعکس ، جنوبی افریقہ نے ابھی تک اپنے حفاظتی ویکسین لگانے کا پروگرام شروع نہیں کیا۔
صدرسائرل رامافوسہ کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ نے اب تک بیس ملین خوراکیں حاصل کی ہیں ، جو 2021 کے پہلے نصف حصے میں لگائی جائیں گی۔
لیکن اس جامع پروگرام کے لئے کوئی مفصل ٹائم لائن موجود نہیں ہے جس کا مقصد چالیس ملین سے زیادہ لوگوں کو حفاظتی ویکسین لگانا ہے۔
جنوبی افریقہ تین طریقوں سے ویکسین حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے حمایت یافتہ کوویکس اسکیم کے ذریعے۔
افریقی یونین کے انتظامات کے ذریعہ۔
ویکسین مینوفیکچررز کے ساتھ دوطرفہ معاہدوں کے ذریعے۔
کوویکس ایک عالمی اقدام ہے جس میں ممالک اپنے وسائل کو بروئے کار لا کرویکسین لگانے میں مدد فراہم کرتے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ تمام ممالک موثر ویکسینوں کی مناسب فراہمی حاصل کرسکیں۔
جنوبی افریقہ کوویکس کے ذریعہ اپنی 10فیصد آبادی کے لیے خوراکیں حاصل کرنے کی توقع کر رہا ہے اور بتایا گیا ہے کہ وہ اپریل سے جون تک انھیں وصول کرلے گا۔
افریقی یونین نے گذشتہ سال افریقی ویکسین کے حصول کے لئے ٹاسک ٹیم قائم کی تھی تاکہ براعظم افریقہ کے لئے ویکسین کی مقداریں وصول کی جاسکیں۔ لیکن بظاہر یہی لگ رہا ہے کہ ویکسین کئی مہینوں تک دستیاب نہیں ہوگی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اس نے دنیا کے سب سے بڑے ویکسین بنانے والے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے ساتھ 15 لاکھ خوراک کا دوطرفہ معاہدہ کیا ہے۔
وزارت کو توقع ہے کہ اسی ماہ کے آخر میں آکسفورڈ آسٹرا زینیکا ویکسین کی دس لاکھ خوراکوں کی پہلی کھیپ موصول ہوجائےگی اور باقی فروری میں متوقع ہے۔
ملک میں ابتدائی طور پر صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ لیکن 1.2 ملین ہیلتھ ورکرزکے تخمینہ کے ساتھ ، ایسا نہیں لگتا کہ یہ پہلے بیچ کے لیے کافی ہوگی۔