وزیر اعظم بورس جانسن نے اعلان کیا ہے کہ کرسمس کے موقع پر برطانیہ کے کچھ حصوں میں مکمل لاک ڈاون ہو گا۔ یہ اقدامات کوویڈ 19 وائرس کی ایک نئی اور تیزی سے پھیلنے والی قسم کے جواب کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے برطانیہ میں تیزی سے پھیلنے والےکورونا وائرس کی ایک نئی قسم سے متعلق خبروں پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس وائرس کی اس نئی جنیاتی قسم سے آگاہ ہیں۔
برطانوی ماہرین کوویڈ کی اس نئی قسم پر تحقیقات کر رہے ہیں ، انکے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس اپنی ساخت میں بھی تبدیلیاں لا رہا ہے۔
دوسری طرف برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے ہفتے کے روز کہا کہ کوویڈ کی زیادہ متعدی قسم کی دریافت کے بعد منصوبہ بندی کے نتیجے میں برطانیہ کے کچھ حصوں میں کرسمس کی تقریبات بالکل محدود رہیں گی۔
وزیر اعظم نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ، “میں یہ بات بہت بھاری دل سے آپ کو بتا رہا ہوں کہ ہم منصوبہ بندی کے مطابق کرسمس تقریبات جاری نہیں رکھ سکتے۔”
ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق ، وائرس کی نئی قسم “زیادہ سے زیادہ 70فی صد تک منتقل ہوسکتی ہے” ، بورس جانسن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ “ہمیں کام کرنا ہے۔” اس خطرے کےپیش نظر ، برطانیہ پابندیوں کے تین سطحی نظام کو اپ گریڈ کررہا ہے۔