گورکھ ہِل اسٹیشن پاکستان کے صوبہ سندھ کا ایک ایسا علاقہ ہے جہاں گرمی کے موسم میں بھی اچھی خاصی ٹھنڈ پڑتی ہے۔ اسی وجہ سے ضلع دادو میں واقع اس مقام کو ‘سندھ کا مری’ بھی کہا جاتا ہے۔
پاکستان میں مری اور بہت سے شمالی علاقہ جات میں برف باری کا تو آپ نے سنا ہو گا مگر سندھ جیسے گرم موسم والے صوبے میں ایک مقام ایسا بھی ہے جہاں سردیوں میں برف پڑتی ہے اور وہ مقام ہے گورکھ ہل اسٹیشن۔
یہ علاقہ ضلع دادو سے 94 کلو میٹر اور کراچی سے 400 کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے۔ کراچی سے یہ مسافت طے کرنے میں آپکو تقریباً 8 گھنٹے درکار ہوں گے۔
اگر کونئے سیاحتی مقامات تلاش کرنے اور مہم جوئی کا شوق ہے تو گورکھ ہِل آپ کے لیے بہترین جگہ ہے۔
گورکھ ہل جاتے ہوئے کراچی حیدرآباد موٹر وے پر سڑک کے دونوں جانب مال سے لدے دیوہیکل ٹرک، ٹینکر اور ٹرالر اپنی منزل کی جانب سفر کرتے کسی دیومالائی مخلوق کا منظر پیش کرتے ہیں۔
کھائیاں ، گھاٹیاں ، ٹرک ہوٹلوں کے مزیدار کھانے ، مویشی چراتے خانہ بدوش مرد اور بچے اور دلکش غروب آفتاب ‘ یہ سب ایسے تجربات ہیں جو آپکے اس سفر کو زندگی بھر کے لیے حسین یادوں میں تبدیل کر دیں گے۔