انڈین اور پاکستانی مٹھائیوں میں گلاب جامن کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ کوئی تہوار ہو یا خوشی کا کوئی بھی موقع گلاب جامن کی مٹھاس آپ کے لمحات کو بنا دیتی ہے اور بھی خاص۔
دکان سے ملنے والی گلاب جامن لذت میں عمدہ تو ہوتی ہے مگر ذہن میں اس بات کا کھٹکتا رہتا ہے کہ آیا یہ حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھ کر بنائے گئے ہیں یا نہیں؟
اسلئے ہم آپ کو گھر میں ہی مزیدار گلاب جامن بنانے کا طریقہ بتا رہے ہیں تاکہ موسم سرما میں آپ اسے اپنی دعوتوں کا حصہ بنا سکیں۔
گلاب جامن کے لئے اجزاء
خشک دودھ 1 پیالی
میدہ آدھی پیالی
بیکنگ پاؤڈر 1 چوتھائی چائے کا چمچ
سوجی آدھی پیالی
کھویا آدھی پیالی
کوکنگ آئل 2 کھانے کے چمچ
گھی تلنے کے لئے
شیرے کے لئے اجزاء
چینی 2 پیالی
چھوٹی الائچی 8 عدد
پانی 1 پیالی
شیرا بنانے کا طریقہ
چینی میں پانی ملا کر ہلکی آنچ پر شیرا بنالیں۔
اب الائچی کے دانے نکال کر باریک پیس لیں۔
جب شیرا گاڑھا ہونے لگے تو الائچی ڈال کر اتار لیں۔
گلاب جامن بنانے کا طریقہ
گلاب جامن کے تمام اجزاء کو اچھی طرح ملا کر آٹے کی طرح گوندھ لیں۔
پانچ منٹ کے لیے رکھ دیں پھر چھوٹے چھوٹے پیڑے بنا لیں۔
ایک کڑاھی میں گھی گرم کریں۔
گھی تقریباً 2 پیالی ہونا چاہیئے تاکہ گلاب جامن اچھی طرح سے تلے جاسکیں۔
جب گھی اچھی طرح گرم ہو جائے تو ہلکی آنچ کر کے پیڑے تلنا شروع کردیں۔
جب براؤن ہو جائیں تو نکال کر شیرے میں ڈال لیں۔
کچھ دیر کے بعد شیرے سے نکال کر گرما گرم پیش کریں۔