اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے ایک فیصلے میں مقامی سطح پر تیار ہونے والے موبائل فونز پرلاگو ود ہولڈنگ اور سیلز ٹیکس کے خاتمے کا اعلان کیا گیا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے پاکستان میں تیار کردہ موبائل فونز پر چار فیصد ودہولڈنگ اورسیلز ٹیکس ختم کردیا گیا ہے۔ مقامی سطح پر موبائل فونز کی مینوفیکچرنگ کے لیے پاکستان نے گزشتہ ماہ کیلئے چین کےساتھ ایک معاہدہ کیا تھا۔
اس معاہدے کے تحت چین کی دو کمپنیاں پاکستان کے شہر فیصل آباد میں اسمارٹ فون کی مینوفیکچرنگ کا پلانٹ لگائیں گی اورابتدائی طور پر چین اس منصوبے میں 10 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
رواں سال فروری میں انجینیئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) نے موبائل ڈیوائس کی مینوفیکچرنگ کے لیے پالیسی منظور کی تھی۔ اس پالیسی کا مقصد مقامی سرمایہ کاری اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کا فروغ تھا۔
موبائل فونز کی مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ کے اس منصوبے سے ملک میں تقریباً 2 لاکھ روزگار پیدا ہوں گے اور ملک عالمی سطح پر سپلائی چین کا حصہ بھی بن پائے گا۔ اس کے علاوہ عالمی مارکیٹوں میں ‘میڈ ان پاکستان’ کے برانڈ کو بھی فروغ ملے گا۔
ایک اندازے کے مطابق ملک میں سالانہ تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ موبائل فونز فروخت ہوتے ہیں۔ مقامی سطح پر موبائل فونز کی تیاری کے بعد پاکستان میں اسمارٹ فون کی کم قیمت پر دستیابی ممکن ہوسکے گی۔