جلترنگ بجاتی آبشاریں، پھلوں سے لدے باغات، فلک بوس پہاڑ اور خوبصورت جھیلیں سیاحوں کو نظارہ قدرت کی دعوت دیتی ہیں۔
جون اور جولائی کے مہینوں میں جب پنجاب میں گرم لوجسموں کو جھلسا رہی ہوتی ہے توسب کو ایک ایسے مقام کی تلاش ہوتی ہے جو اپنے موسم اور خوبصورتی کے لحاظ سے جنت نظیر ہو۔ گلگت بلتستان کاضلع غذر صوبے کے خوبصورت ترین علاقوں میں سے ایک ہونے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی اس تشنگی کو دور کرنے کے لیے بھی آئیڈیل ہے۔
غذر میں کاشت کی جانے والی درجنوں اقسام کی چیری اس علاقے کی خاص پہچان ہے۔ جبکہ باغبان حضرات کے باغات میں مختلف اقسام کے خوبانی کے درخت ہیں اور یہ خوبانی ذائقے کے لحاظ سے ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔
ہر سال لاکھوں سیاح ان جنت نظیر وادیوں کا رخ کرتے ہیں اور علاقے کے پرُامن ماحول اورمہمان نواز لوگوں کی مہمان نوازی کی اچھی یادیں لے کر اپنے علاقوں کو لوٹتے ہیں۔ غذر کی خوبصورت ترین وادی پھنڈر زمین میں جنت کا ایک ٹکڑا ہے اور یہاں آنے والے سیاح اس خوبصورت وادی میں کئی کئی روز قیام کرتے ہیں۔
پھنڈر غذر کا دور افتادہ علاقوں میں سے ایک ہے مگریہ اتنا خوبصورت ہے کہ سیاح یہاں پہنچتے ہی سفر کی ساری تھکا ن بھول جاتے ہیں۔ اُونچے اُونچے پہاڑ سرسبز وادیاں اور جھیلیں جہاں پائی جانی والی دنیا کی نایاب مچھلی ٹراؤٹ یہاں آنے والے سیاحوں کو اپنے سحر میں گرفتار کرلیتی ہیں۔