اس تبدیلی کا مقصد کوسرچ کے نتائج کو موبائل پر پڑھنے میں آسان بنانا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے گوگل کی ایک بلاگ پوسٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ موبائل پر سرچ کی سہولت کے لیے آئندہ چند دنوں میں نئی تبدیلیاں متعارف کرا دی جائیں گی۔
اس نئے ڈیزائن کی سربراہی کرنے والی عیلین چنگ نے بلاگ میں کہا کہ ، “ہم سرچ کو تھوڑا سا آسان بنانے کے لئے ایک قدم پیچھے ہٹنا چاہتے ہیں تاکہ لوگ اپنی سرچ میں جو چیز تلاش کر رہے ہیں وہ تیزی سے اور آسانی سے تلاش کرسکیں۔”
سرچ کے نتائج میں اہم معلومات کو نمایاں کرنے اورغیر ضروری معلومات کو کم سے کم کرنے کے لیے بھی ڈیزائن میں بنیادی تبدیلیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ اہم معلومات کو نمایاں کرنے کے لیے مختلف رنگوں اور فونٹس کا استعمال بھی کیا جائے گا۔
نئی تبدیلیوں میں سب سے اہم زیادہ بڑا اور نمایاں ٹیکسٹ شامل کیا جائے گا جس سے سرچ آسان اور پہلے سے زیادہ تیز ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ سرچ کے نتائج اسکرین پر واضح طور پرنظر آیا کریں گے۔