عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہوا کی آمد و رفت کا مناسب انتظام کر کے آپ اپنے گھروں ، اسکولوں ، دفاتر ، دکانوں اور خود کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کےشعبہ صحت عامہ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ماریہ نیرا نے ایک پرو گرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بند جگہوں کو کوڈ 19 سے محفوظ رکھنے میں ہوا کی آمد ورفت بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھڑکیوں اور دروازوں کو کھلا رکھنے سے ہمارے سانس لینے کے لئے ہر بار تازہ اور صحت بخش ہوا مہیا ہوتی ہے۔ اس لیے ہمیں عوامی مقامات اور عمارتوں میں کھڑکیوں اور دروازوں کو کھلا رکھ کر ہوا کی آمدورفت کو یقینی بنانا چاہیئے۔
جبکہ سکولوں ، دفاتر اور سیاحتی مقامات جیسی جگہوں پر بھی تازہ ہوا کی آمدورفت کے قدرتی یا مصنوعی طریقوں کو ہر ممکن طور پر استعمال کرنا چاہیے۔
اگر ہم ایک گھنٹے میں چھ بار بند جگہوں کی ہوا کو تبدیل کرتے ہیں اور تازہ ہوا کی آمد کو یقینی بناتے ہیں تو اس بات کے قوی امکا نات ہیں کہ ہم ان جگہوں پر وائرس کے پھیلاو میں کمی لا نے میں کامیاب ہو سکیں۔
ڈاکٹر ماریہ کا مزید کہنا تھا کہ ہوا کی آمدورفت کےانتظام کو کوڈ 19 سے بچنے کی واحد حفاظتی تدبیرکے طور پر نہیں بلکہ حفاظتی انتظامات کے پیکج کے ایک حصے کے طور پر اپنانا چاہئیے۔