خوش ذائقہ حلوہ جات موسم سرما میں جہاں جسم کو حرارت پہنچاتے ہیں وہیں سردیوں کا لطف بھی دوبالا کرتے ہیں۔
پاکستان کے سبھی شہروں میں مختلف قسم کے حلوے بنائے جاتے ہیں ، دیسی گھی اور کھوئے سے بنے اور میوہ جات سے سجے حلوے موسم سرما کی شان ہیں۔
گاجر کا حلوہ لذیز ہونے کے ساتھ سردیوں میں ہر دل عزیز بھی مانا جاتا ہے جسے لوگ بہت شوق سے کھاتے ہیں لیکن بہت کم لوگ اس حقیقت سے واقف ہیں کہ اس قدرتی میٹھے کو اتنا شاہانہ انداز آخر دیا کس نے؟
کہا جاتا ہے کہ مغل محلات میں سب سے پہلے گاجر کا حلوہ سکھوں نے متعارف کرایا, شہنشاہوں کو گاجر کے حلوے کا رنگ, خوشبو اور ذائقہ اتنا بھایا کہ اس پکوان کی مٹھاس پوری سلطنت کے طول و عرض تک پھیل گئی۔
آپ گاجر کا حلوہ گھر میں بھی نہایت آسانی سے بناسکتے ہیں۔ آئیے آپ کو گاجر کا گرما گرم مزے دار حلوہ بنانے کی ترکیب بتاتے ہیں۔
: حلوے کےلئے اجزاء
گاجر(کدوکش) ایک کلو
چینی ایک پیالی
چھوٹی الائچیاں 8 عدد
کھویا 250 گرام
گھی(پگھلا ہوا) ½پیالی
سجانے کے لیے اجزاء
چاندی کا ورق 1عدد
بادام 10 عدد گرم پانی میں بھگو کر چھلکا اتار لیں اور باریک کاٹ لیں
اخروٹ 8 عدد باریک کاٹ لیں
پستے باریک کٹے ہوئے
:بنانے کا طریقہ
ایک دیگچی میں گاجر، الائچیاں اور چینی ڈال لیں
ڈھکن لگا کر گاجر کا پانی خشک ہونے تک پکائیں
اب اس میں گھی ڈالیں اور اچھی طرح بھون کر چولہا بند کردیں اور پھر کھویا ملا کر چھوڑ دیں
½گھنٹے کے بعد اسےاچھی طرح سےیکجان کر لیں اور ڈش میں نکال لیں۔
مزیدار گاجر کا حلوہ تیار ہے
چاندی کے ورق، اخروٹ ، بادام اور پستے سے سجا کر پیش کریں۔