کرونا وبا کی دوسری لہر کے دوران لوگ ہسپتالوں میں جانے سے گریز کر رہے جس کی وجہ سے ڈینگی سے متاثرہ افراد کے اعداد وشمار متاثر ہو سکتے ہیں۔
ایسے وقت میں جب ملک میں کوویڈ ۔19 کی دوسری لہر اپنے عروج پر ہے ، مختلف علاقوں میں ڈینگی بخار کے ہزاروں مشتبہ مریضوں کی اطلاع صحت عامہ کے لئے ایک اور خطرہ بن کر ابھررہی ہے۔
محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ پوری طرح سے کورونا وائرس پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے جبکہ ڈینگی بخار کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لئے منصوبہ بندی کے اقدامات کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔
متعلقہ حکام کی عدم دلچسپی کے سبب متعدد اسپتالوں میں قائم ڈینگی کاؤنٹر بند کردیئے گئے ہیں۔
ڈینگی نگرانی اور آگاہی مہم بھی ختم ہوچکی ہے اور جن کارکنوں کو فرائض تفویض کیے گئے ہیں ان کی ایک بڑی تعداد غیر حاضر ہے۔
پنجاب کے محکمہ پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ایک عہدیدار نے کہا کہ کورونا و وائرس کے ساتھ ساتھ ڈینگی بخار کے خلاف جنگ کو فوری طور پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر اور دسمبر کے مہینے ڈینگی بخار کی روک تھام کے لئے اہم تھے۔
اگرچہ رواں سال پنجاب میں ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد کم ہے ، تاہم اس بیماری میں مبتلا ہونے کے شبہ میں ہزاروں افراد نے مبینہ طور پر علاج معالجے کی کوشش کی ہے۔
ڈینگی سیزن کے آغاز میں حکومت پنجاب نے اس مرض کی روک تھام کے لئے فعال طور پر ایکشن لیا اور آگاہی مہم بھی شروع کی گئی تھی لیکن اب جب اس کے علامات کی شکایت کرنے والے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے تو ، حکام کورونا وائرس پر توجہ مرکوز کرتے دکھائی دیتے ہیں۔