دستیاب شواہد کی بنا پر ، میتھی خون میں شوگر کی سطح کو کم کرنے ، ٹیسٹوسٹیرون کو فروغ دینے ، اور دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے بے پناہ فوائد کی حامل ہے۔ میتھی کولیسٹرول کی سطح کو کم کرسکتی ہے ، سوجن کو کم کرتی ہے ، اور بھوک پر قابو پانے میں مدد دیتی ہے۔
کریم ، میتھی کی سوندھی مہک اور ناریل کے دودھ کی آمیزش سے بنی چکن کی ایک منفرد اور مزیدار ڈش جس کا معلوم ذرائع کے مطابق آغاز حیدرآباد سے ہوا۔ تاہم اپنے ذائقے اور منفرد خوشبو کے باعث یہ ڈش پورے برصغیر میں مقبول ہے۔ آپ اسےاسے گرم چپاتی یا ابلے چاول کے ساتھ ظہرانے یا عشائیے میں پیش کرسکتے ہیں۔
اجزاء
بون لیس چکن آدھا کلو
میتھی 2 کھانے کا چمچ
مکھن آدھی ٹکیا
کوکنگ آئل تین کھانے کے چمچ
پیاز، کٹی ہوئی 2 عدد
ہری مرچیں 3 عدد
ادرک کا پیسٹ 1 چائے کا چمچ
لہسن کا پیسٹ 1 چائے کا چمچ
ٹماٹر کا پیسٹ1 کھانے کا چمچ
کالی مرچ 1 چوتھائی چائے کا چمچ
دار چینی1 ٹکڑا
الائچی چار عدد
ثابت زیرہ 1 چائے کا چمچ
لال مرچ پسی ہوئی 1 چائے کا چمچ
دھنیا پائوڈر1 چائے کا چمچ
زیرہ پسا ہوا1 چائے کا چمچ
کریم دو کھانے کے چمچ
کوکونٹ ملک 1 کپ
پانی آدھا کپ
نمک حسبِ ذائقہ
بنانے کا طریقہ
سب سے پہلے ایک برتن میں مکھن ڈال کے گرم کریں اس میں کوکنگ آئل ڈالیں اور پیاز ڈال کر درمیانی آنچ پر بھونیں۔
اب اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کریں اور 5 منٹ تک مکس کریں۔
اب اس میں مرغی کا گوشت ڈال کر مکس کرلیں۔
پھر اس میں ٹماٹر کا پیسٹ ڈالیں اور اچھی طرح بھونیں۔
اب اس میں کالی مرچیں، دارچینی، الائچی اور زیرہ شامل کر کے کر اچھی طرح مکس کرلیں۔
اب اس میں نمک، پسی ہوئی لال مرچ، دھنیا پائوڈر اور پسا ہوا زیرہ ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔
اب اس میں کریم ڈال کر بھونیں اور پھر ناریل کا دودھ ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔
اب اس میں پانی ڈال کر چمچ چلائیں، پھر اس میں خشک میتھی ڈالیں اور اچھی طرح مکس کریں۔
اب اس میں ہری مرچیں ڈالیں اور ڈھکن دے کر 10 سے 12 منٹ تک کے لئے دم دے دیں۔
مزیدار چکن میتھی مالا ئی تیار ہے۔ ابلے چاول یا چپاتی کے ساتھ پیش کریں۔