اگر آپ شام کی چائے کے لیے اسنیکس میں کچھ مزیدار بنانا چاہتے ہیں تو چکن اسپرنگ رولز آپ کے لیے ایک بہترین آپشن ہے۔ انہیں چکن کے ساتھ چیز اور کٹی ہوئی سبزیوں سے بھر کر فرائی کیا جاتا ہے تاکہ ان کا بہترین ذائقہ نہ صرف آپ کو ان کا دیوانہ بنا دے بلکہ مہمانوں سے آپکو داد بھی خوب ملے۔ تو پیش ہے کرسپی اور پر لطف چکن اسپرنگ رولز کی آسان ترکیب۔
اجزاء
بون لیس چکن، 1 پاو ابال لیں
بند گوبھی باریک کٹی ہوئی 2 کپ
گاجر باریک کٹی ہوئی 2 عدد
شملہ مرچ باریک کٹی ہوئی آدھا کپ
کالی مرچ پسی ہوئی1 کھانے کا چمچ
سویا ساس 1 کھانے کا چمچ
ہری پیاز، کٹی ہوئی 1 عدد
ہری مرچیں کٹی ہوئی 3 عدد
تازہ ہرا دھنیا کٹا ہواآدھی گڈھی
موزریلا چیزدوسو گرام
میدہ 1 کھانے کا چمچ
کوکنگ آئل 5 کھانےکے چمچ
نمک حسب ذائقہ
پانی حسب ضرورت
رول پٹی حسب ضرورت
بنانے کا طریقہ
ایک پین میں آئل گرم کریں اور اس میں ابلا ہوا چکن، کٹی ہوئی بند گوبھی، گاجر، شملہ مرچ، نمک اور پسی ہوئی کالی مرچ ڈالیں اور اچھی طرح مکس لیں۔
اب اس میں سویا ساس، ہری پیاز، ہری مرچیں اور دھنیا ڈالیں اور اچھی طرح ملا لیں۔
اب اس میں موزریلا چیز شامل کریں اور اچھی طرح مکس کریں۔
اب ایک چھوٹے پیالے میں میدہ اور پانی ڈال کر رولز کا منہ بند کرنے کے لئے پیسٹ بنا لیں۔
اب رول پٹی لے کر اس پر پہلے سے تیار کیا ہوا آمیزہ رکھیں اور اچھی طرح رول کرلیں۔ تھوڑا سا پیسٹ لگا کر دونوں جانب سے رول کا منہ بند کردیں۔
اب ان رولز کو اچھی طرح فرائی کریں اور گولڈن براون ہونے پر کڑاھی سے نکال لیں۔
گرما گرم اور مزیدار چکن اسپرنگ رولز تیار ہیں۔