پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ اتھارٹی نے جنوری 2021 سے اب تک نفرت انگیز ، متنازعہ اور قابل اعتراض مواد پر مشتمل 9 لاکھ اسی ہزار ویب سائٹس بلاک کردی ہیں۔
پی ٹی اے نےاسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کی جانے والی رپورٹ میں کہا ہے کہ بلاک شدہ ویب سائٹس میں سے بھاری اکثریت فحش مواد والی ویب سائٹس کی تھی۔
پی ٹی اے کی اس رپورٹ کے مطابق بلاک کی جانے والی فحش ویب سائٹس کی تعداد865،187 ہے۔
اتھارٹی نے دفاعی افواج اور قومی سلامتی کے خلاف نفرت انگیز مواد پر مشتمل ویب سائٹوں اور بلاگوں کے 16000 سے زیادہ لنکس بھی بلاک کیے ہیں۔ جبکہ فرقہ واریت پر مشتمل 22000 ویب سائٹس کو بھی مسدود کردیا گیا۔
پی ٹی اے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فیس بک ، ٹویٹر اور یوٹیوب جیسی مقبول سماجی رابطوں کی سائٹس سے فحش ، نفرت انگیز اور قابل اعتراض مواد ہٹانے کے لئے ، اتھارٹی نے متعلقہ ویب سائٹ کی انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ملک کی ڈیجیٹل اسپیس کو محفوظ بنانے کے لئے پی ٹی اے ‘ وزارت دفاع اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔