ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں تیار کی جانے والی آسٹرا زینیکا کی ویکسین کے دو دن بعد ہی پاکستان نے ہنگامی استعمال کے لئے چینی سائینوفارم کوویڈ 19 ویکسین کی منظوری دی ہے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے بتایا ہے کہ چائنا نیشنل فارماسیوٹیکل گروپ (سائینوفارم) کی تیار کردہ اس ویکسین کو ہنگامی طور پر استعمال کرنےکی منظوری دی گئی ہے۔
سائینوفارم ویکسین چین کی نیشنل میڈیکل پراڈکٹس ایڈمنسٹریشن سے رجسٹرڈ شدہ ہے اور اسکی کامیابی کا مجموعی تناسب 80 فیصد کے قریب ہے۔
پاکستان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک کا مختلف ویکسین بنانے والوں سے بات کرنے کا عمل جاری ہے۔
ڈریپ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ، مخصوص حالات میں کوویڈ 19 کی 2 ویکسینز کے استعمال کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ویکسینوں کی حفاظت اور معیار کے لئے ان کا جائزہ لیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ حفاظت ، افادیت اور معیار کے حوالے سے مزید اعداد و شمار کے لئے سہ ماہی کی بنیاد پر ان ویکسینز کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیر صحت فیصل سلطان نے ہفتے کے آخر میں کہا کہ پاکستان متعدد ویکسین بنانے والوں کے ساتھ مشغول ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ چین کی کینسو بائولوجکس کمپنی کے ساتھ معاہدے کے تحت ملک میں “لاکھوں کی تعداد میں” ویکسین کی مقدار حاصل کرسکتے ہیں۔
وزیرصحت نے مزید کہا کہ پاکستان کا زیادہ تر آبادی کیلئے ویکسین مفت میں فراہم کرنے کا ارادہ کیا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ نجی کمپنیوں کو بھی جب کسی مجاز کمپنی کو سپلائی دستیاب ہوجاتی ہے تو ویکسین درآمد اور فروخت کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔
این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا کے ایک ہزار 772 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 24 ہزار 783 تک پہنچ گئی ہے۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب پاکستان میں مزید 48 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی کل تعداد 11 ہزار 103 ہو گئی ہے۔
پاکستان بھر میں کورونا سے 4 لاکھ 78 ہزار 517 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں اور فعال مریضوں کی تعداد 35 ہزار 163 ہے۔