پیغام رسانی اور ویڈیو کالنگ کے حوالے سے معروف ترین ایپلیکیشن واٹس ایپ نئے سال میں کچھ تبدیلیاں لا رہی ہے اور کچھ نئے فیچرز متعارف کروا رہی ہے۔
دنیا بھر میں پیغام رسانی کی سب سے مقبول ایپلی کیشن واٹس ایپ نے نئے سال2021 میں کچھ تبدیلیاں اور نئے فیچرمتعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان واٹس ایپ نے بتایاکہ 2021 مِیں ڈیسک ٹاپ صارفین کو واٹس ایپ ویب پر بھی کال اور ویڈیو کال کی سہولت مہیا ہو جائے گی۔ زوم اور گوگل میٹ کے بعد واٹس ایپ بھی ان ایپس میں شامل ہو جائے گی جو کمپیوٹرصارفین کو وائس اور ویڈیو کالنگ کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ اپنی شرائط میں بھی کچھ تبدیلی لا رہا ہے اور اس تبدیلی کا اطلاق آئندہ سال فروری تک متوقع ہے۔ تاہم اس حوالے سے کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن ترجمان واٹس ایپ کے مطابق تمام صارفین کے لئے ان شرائط کو تسلیم کرنا لازم ہوگا۔
واٹس ایپ کی ممکنہ تبدیلیوں میں ایک یہ بھی ہے کہ نئے سال میں یہ ایپ پرانے سافٹ وئیرز پر نہیں چلے گی۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ یکم جنوری2021 سے آئی او ایس سیون سے پرانے آپریٹنگ سسٹم والے آئی فونز اور4.0.3 سے پرانے آپریٹنگ سسٹم والے اینڈرائڈ اسمارٹ فون پر واٹس ایپ کی سہولت دستاب نہیں رہے گی۔
واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے صارفین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے رہنے کے لیے اپنے اسمارٹ فونز کے آپریٹنگ سسٹم کوفوری اپ گریڈ کروالیں۔
آئی فون استعمال کرنے والے وہ صارفین جن کے پاس آئی فون 4ایس، آئی فون 5 اور 5 ایس، آئی فون 6 اور 6 ایس ہے وہ اپنے اسمارٹ فونز میں جلد ازجلد آئی او یس کا جدید ترین ورژن اپ گریڈ کرالیں یاکم ازکم آئی او ایس 9 تو ضرور کروالیں ورنہ یکم جنوری سے وہ واٹس ایپ استعمال نہیں کرسکیں گے۔
اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے وہ صارفین جو اب بھی اینڈرائڈ 4.0.3 سے پرانا آپریٹنگ سسٹم استعمال کررہے ہیں، انہیں بھی اپنا اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم اپ گریڈ کرنا ہوگا بصورت دیگر وہ واٹس ایپ کی سہولت سے محروم ہو جائیں گے۔