نئے سال 2021 کے موقع پر واٹس ایپ پر ایک دن میں ایک ارب 40 کروڑ سے زیادہ کالز کا ریکارڈ قائم ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ فیس بک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال نو کے موقع پر واٹس ایپ پر دنیا بھر سے 1.4 بلین ویڈیو اور وائس کالز کی گئیں۔
دنیا میں کورونا کی حالیہ وبا کے دوران کالز رابطے کا بہت اہم ذریعہ بن چکی ہیں اور لوگ اپنے عزیز و اقارب سے بات کرنے کے لیے واٹس ایپ کا سہارا لے رہے ہیں.
فیس بک کا مزید کہنا ہے کہ اگرموجودہ اعداد و شمار کا پچھلے سال میں کی جانے والی کالز کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو اس میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اور اسکی 11 سالہ تاریخ میں نئے سال پر ایک دن میں زیادہ سے زیادہ کالز کی گئیں.
اسی کے ساتھ ساتھ فیس بک اور انسٹاگرام پر ساڑھے 5 کروڑ سے زیادہ لائیو ویڈیوز نشر ہوئیں۔ یاد رہے کہ دنیا بھر میں واٹس ایپ کے موجودہ صارفین کی تعداد 2 ارب سے زائد ہے۔
کمپنی نئے سال کی اتنی اچھی شروعات کی وجہ سے سال 2021 کو کمپنی کے لیے خوش آئند قرار دے رہی ہے کیونکہ میسنجر پر بھی عام دن کے مقابلے میں نیو ائیر پر دوگنا کالز کی گئیں۔