ملک میں ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج 7 جون کو ہوگا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اور اراکین ذوالحج کا چاند نظر آنے کا اعلان آج بروز جمعہ کریں گے۔
ملک بھر کی طرح رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں ہوگا۔ پشاور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال میں ہوگا۔
اجلاس شام 6 بجے کے بعد شروع ہوگا، پشاور زونل کمیٹی کا اجلاس ڈاکٹر حافظ عبدالغفور کی زیر صدارت ہوگا، اجلاس میں 5 اراکین بھی شرکت کریں گے۔
کمیٹی کے ارکان میں مولانا عبدالبصیر، مولانا محمد علی شاہ، مولانا عتیق اللہ اور مولانا عابد شاکری شامل ہیں۔ موصول ہونے والی شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات اور ماہرین فلکیات نے آج چاند نظر آنے کا امکان ظاہر کیا ہے، حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
دوسری جانب سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا ہے۔ آج 7 جون بروز جمعہ ذوالحج کی پہلی تاریخ ہے، 15 جون بروز ہفتہ 9 ذوالحج کو حج کا مرکزی رکن یوم عرفہ ادا کیا جائے گا، اور عید الاضحیٰ 16 تاریخ کو منائی جائے گی۔ .
دوسری جانب عمان میں ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا۔ عمان میں عید الاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہوگی، پاکستان میں آج چاند نظر آنے کی صورت میں عید الاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہوگی۔