مرغ مُسَلَّم (بھنا ہوا مصالحے دار سالم مرغ) کو مغل طباخی میں اہم مقام حاصل ہے۔ مرغ مسلم کے لفظی معنی سالم مرغ کے ہیں۔ ہندوستان کے مسلمان بادشاہوں، مغل سلاطین، اودھ کے مغل خاندانوں اور امرا و رؤسا میں یہ ڈش خاصی مرغوب تھی۔ تاہم یہ پکوان سلطنت دہلی کے دوران میں رائج ہو چکا تھا، ابن بطوطہ نے اپنے سفرنامہ میں لکھا ہے کہ محمد بن تغلق کو مرغ مسلم بہت زیادہ پسند تھا۔
اجزاء
سالم مرغ ایک سے ڈیڑھ کلو
ادرک لہسن کا پیسٹ 2 کھانے کے چمچ
پسی ہوئی لال مرچ ڈیڑھ کھانے کا چمچ
سفید زیرہ 1 چائے کا چمچ
سیاہ زیرہ 1 چائے کا چمچ
ثابت کالی مرچ 10 عدد
بڑی الائچی 4 عدد
دار چینی 2 انچ کا ٹکڑا
دہی ڈیڑھ پیالی
لونگ 8 عدد
زردہ رنگ آدھا چائے کا چمچ
کوکنگ آئل تین چوتھائی پیالی
نمک حسب ذائقہ
بنانے کا طریقہ
مرغ کو دھو کرصاف کرکے رکھ لیں۔
سفید زیرہ،سیاہ زیرہ،کالی مرچ،دار چینی اور بڑی الائچی کو گرائنڈر میں باریک پیس لیں اور دہی میں نمک اور لال مرچ کے ساتھ مکس لیں۔
مرغ پر ادرک لہسن اور زردے کا رنگ مل دیں پھر انھیں دہی والے مکسچر سے میرینیٹ کرکے فریج میں رکھ دیں(کم از کم ایک گھنٹہ رکھیں، زیادہ دیر رکھنے سے زیادہ مزیدار بنے گا)
ایک برتن میں کوکنگ آئل کو لونگ ڈال کر گرم کریں اور اس میں میرینیٹ کیا ہوا چکن ڈال دیں۔شروع میں پانچ سے سات منٹ آنچ تیز رکھیں پھر درمیانی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ چکن اور دہی کا پانی خشک ہو جائے۔
چکن کو احتیاط سے پلٹ دیں اور ایک کوئلے کا ٹکڑا چولہے پر دہکا کراس کے درمیان میں رکھ دیں۔
تین سے چار منٹ ڈھک کر ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔ تاکہ اس میں کوئلے کی سوندھی مہک رچ جائے پھر چولہے سے اتار لیں۔
مزیدار مرغ مُسَلَّم تیار ہے۔