وزارت داخلہ نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ فوج کی تعیناتی کی منظوری پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی علاقائی انتظامیہ کی درخواستوں کے بعد دی گئی۔ تعیناتی کا مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے میں سول انتظامیہ کی مدد کرنا ہے اور اسے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت اختیار دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات پر غور کے لیے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اس میٹنگ میں لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لینے اور ان کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے جامع سیکیورٹی پلان کی چھان بین کی جائے گی۔ آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی سیکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دیں گے، جس میں مذہبی تقریبات کے دوران عوام کی حفاظت کے لیے نافذ کیے جانے والے مخصوص اقدامات اور پروٹوکول کا خاکہ پیش کیا جائے گا۔