ماچو پیچو جنوبی امریکا میں پیرو کے علاقے کاسکو میں واقع ہے. یہ شہر اب کھنڈرات کی صورت میں محفوظ ہے۔ یہ سطح سمندر سے 2430میٹر (7972فٹ) بلندہے۔ یہ علاقہ “انکاؔ کا شہر” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
ماچو پیچو کی تعمیر آنکا سلطنت کےعروج کے دور 1450ء میں کی گئی ، پیرو میں ماچو پیچو کا قدیم ’انکاؔ قلعہ‘ بہت سے مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ انکاؔ تہذیب کا اچانک غائب ہو جانا ایک معمہ ہے جو آج تک حل نہیں ہو سکا۔ اس شہر میں پتھرسے بنی ہوئی216عمارتیں ہیں، جو سیڑھیوں سے جڑی ہیں۔ سطح سمندر سے2430میٹر کی اونچائی پر اتنا سب کچھ تعمیر کرنا یقینناً ایک بڑا چیلنج ہوگا جسے دیکھ کر آج بھی انسان حیرت میں گم ہو جاتاہے۔
اس شہر کی دوبارہ دریافت 1911ء میں ایک تاریخ دان کی بدولت ہوئی۔ آج ماچو پیچو کا شمارجنوبی امریکا کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں ہوتا ہے۔ بعض لوگوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ یہ عظیم الشان تعمیرات آنکا شہنشاہ پاچاکوتی اور ان کے جانشینوں نے شاہی جائیداد کے طور پرکروائی تھیں۔ تاہم کچھ لوگوں کے خیال میں یہ ایک قدیم مذہبی جکہ تھی. البتہ یہ بات کوئی نہیں جانتا کہ اس جگہ کی ویرانی کا سبب کیا یے.
معلوم ذرائع کے مطابق ایک زمانے میں ماچو پیچو میں کم و بیش ایک ہزار افراد بستے تھے. اور اس شہر کی تعمیر کے صرف 100 سال بعد ہی سے یہ شہر ویران ہو گیا تھا. بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ کسی وبائی مرض کے پیش نظر یہاں کے آباد کار نقل مکانی کر گئے اور یہ علاقہ ویران ہو گیا.
اگر آپ اس شہرتک ہائیکنگ کرتے ہوئے جانا چاہتے ہیں تو دو سے سات دن تک مشکل چڑھائی چڑھنے کی تیاری کر لیں ،جس کے دوران بلندی کا خوف، سخت سردی سے مقابلہ اور سرد راتوں میں کپکپی کاسامنا بھی ہوسکتا ہے، مگر انتہائی دلکش اور تھکن اتار دینے والے مناظر بھی آپ کی راہ میں آئیں گے۔
ہر سال تقریباً12لاکھ سیاح ماچو پیچو کو دیکھنے آتے ہیں جبکہ 2007ء میں اس مقام کو دنیا کے7نئے عالمی عجائباتِ کی فہرست میں عوامی ووٹوں کی بناء پر شامل کیا گیا۔