نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ نے برطانیہ سے آنے والے دو افراد میں نئےکورونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم کے چار مشکوک مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے۔ چاروں افراد کے نمونے لے کر این آئی ایچ بھجوا دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی محققین کو کورونا کی نئی قسم کے ممکنہ خطرات پرتحقیق کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ اور متعلقہ حکام بھی اس سے بچاو کی حکمت عملی پر غور کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ابھی تک کی معلومات کے مطابق ہم یہی کہہ سکتے ہیں کہ وائرس کی یہ نئی قسم زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی یہ نئی قسم پہلےسے 56 فیصد زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ حکومت پاکستان نے برطانیہ سے مسافروں کی آمد پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
دوسری طرف عالمی ادارہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ہم وائرس کی اس نئی قسم سے پوری طرح آگاہ ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔