پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے متوقع طور پر پریمیئر فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کو آئندہ ماہ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوران آرام دیا جائے گا۔
آئندہ 50 اوور کے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ 2023 کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامی کمیٹی اپنے اہم فاسٹ بولر کو وقفہ دینے پر غور کر رہی ہے۔
بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شاہین آفریدی گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے ان کی ایشیا کپ سمیت اہم ٹی 20سیزن میں غیر موجودگی تھی۔
ریڈ بال سیریز کے شیڈول کا، جو آئندہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل 2023-25 کا حصہ ہے، کا اعلان سری لنکا کرکٹ اس ماہ کے آخر میں کرے گا۔
واضح رہے کہ سری لنکن بورڈ نے آئندہ ایونٹس کی تیاری کے لیے وائٹ بال سیریز کے انعقاد کی تجویز دی تھی تاہم پی سی بی نے اس تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔
پی سی بی نے قومی باؤلنگ یونٹ کے لیے تیاری کے کیمپ کا بھی اعلان کیا ہے جو کہ لاہور کے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں لگے گا جس کا آغاز ہو چکا ہے۔
اسپن باؤلنگ کیمپ 10 سے 15 جون تک چلے گا جبکہ فاسٹ باؤلنگ کیمپ 16 سے 21 جون تک جاری رہے گا، کیمپ میں 13 اسپنرز اور 11 فاسٹ باؤلرز حصہ لیں گے۔