سابق چیف سلیکٹر اور سابق کرکٹر محمد وسیم کو قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ویمنز ایشیا کپ کے لیے انتظامی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ محمد وسیم کے ساتھ سابق ٹیسٹ کرکٹرز عبدالرحمان کو اسپن بولنگ کوچ اور جنید خان کو اسسٹنٹ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کی تیاری کرنے والی خواتین کرکٹرز کے لیے کراچی میں تربیتی کیمپ کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کیمپ میں 28 کھلاڑی شامل ہیں جو سخت ٹریننگ سیشنز سے گزریں گے اور دو پریکٹس میچوں میں حصہ لیں گے۔ سلیکشن کمیٹی اس کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور اسی کے مطابق سری لنکا کے شہر دمبولا میں ہونے والے ایونٹ کے لیے حتمی سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
آٹھ ٹیموں پر مشتمل اے سی سی ویمنز ایشیا کپ 19 سے 28 جولائی تک سری لنکا کے شہر دمبولا میں ہونا ہے۔ اس T20 فارمیٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، نیپال اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے روز پاکستان کا مقابلہ اپنے روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔ اس کے بعد نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میچز بالترتیب 21 اور 23 جولائی کو شیڈول ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور اعلیٰ سطح پر مقابلہ کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔