معروف انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے پیش گوئی کی ہے کہ عالمی وبا کوویڈ19 کے سبب دنیا میں لاک ڈاؤن 2022 تک رہ سکتا ہے۔
بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے 4 سے 6 ماہ کورونا وائرس کی وبا میں بدترین ثابت ہوں گے۔ انہوں نے امریکی ٹی وی چینل سی این این کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ انسٹیٹوٹ فار ہیلتھ میٹرکساینڈ ایولوشن نے 2 لاکھ سے زائد اموات کی پیشگوئی کی ہے۔
مائیکروسافٹ کے بانی کا کہنا تھا کہ اگر ہم عالمی ادارہ صحت کی بتائی ہوئی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں یعنی فیس ماسک پہنیں اور سماجی دوری جیسے اقدامات پر عمل پیرا ہوں تو اموات کی تعداد میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
بل گیٹس نے پیشین گوئی کی ہے کہ موسم سرما کے مہینوں میں وباء شدت اختیار کر سکتی ہے اور اگلے چھ ماہ تک ریسٹورنٹس بھی بند رہ سکتے ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حالات ماضی کی طرح معمول پر2021 کے اختتام تک ہی آپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے دوبارہ پھیلنے کا خدشہ تب تک برقرار رہے گا جب تک دنیا کے تمام ممالک سے کورونا کا خاتمہ نہیں ہوجاتا۔
سی این این کو دے گئے انٹرویومیں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ کورونا وبا سے عالمی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا اگر ہم مزید 12 سے 18 ماہ تک احتیاطی تدابیر پر عمل پیرارہے تو حالات دوبارہ معمول پر آسکتے ہیں۔