وزیر آباد میں دریائے چناب میں سیلاب کا خطرہ ہے، سرکاری اداروں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 نے دریا سے ملحقہ نشیبی علاقوں میں 9 ریسکیو سٹیشن قائم کر دیے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے دریائے چناب سے ملحقہ 20 دیہات کو حساس قرار دے دیا ہے۔
حساس علاقوں میں لائف سیفٹی جیکٹس، کشتیاں اور بڑی گاڑیاں بھی پہنچا دی گئی ہیں، دریائے چناب میں خانکی بیراج پر پانی کی آمد 43 ہزار 389 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
دریائے چناب میں خانکی بیراج سے پانی کا اخراج 36 ہزار 167 کیوسک ریکارڈ ہے، دریائے چناب میں ہیڈ قادر آباد کے مقام پر پانی کی آمد 45 ہزار 844 کیوسک ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں 8 سے 12 جولائی تک 7 لاکھ کیوسک پانی کا بہاؤ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ دریائے چناب، راوی اور برساتی نالوں میں سیلاب کا خطرہ ہے، فلڈ کمیشن نے وارننگ جاری کردی ہے۔
فلڈ کمیشن نے ایڈوائزری کے مطابق 8 سے 14 جولائی تک دریائوں کے زیر قبضہ علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ اور 9 جولائی کو دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلابی ریلے کا امکان ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا کہ دریائے راوی میں گرنے والے برساتی نالوں میں سیلاب کا خطرہ ہے، ڈی جی خان، بلوچستان، بنوں، کوہاٹ کے نالوں میں بھی طغیانی آسکتی ہے۔ فلڈ کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں سیلاب آسکتا ہے۔