دال بھرے کریلے انتہائی لذیز ڈش ہے جس کی مشابہت قیمہ بھرے کریلوں سے ہے، ذائقے میں انتہائی مزے دار دال بھرے کریلے سبزی خور ڈائیٹ پر عمل کرنے والے خواتین و حضرات کے لیے بہترین انتخاب ہیں کیونکہ اس میں شامل کڑوے کریلوں کو چھیلنے اور صاف کرنے کے بعد تل کر ان کی کڑواہٹ دور کی جاتی ہے۔ پکنے کے بعد ان کے ذائقے میں مسحور کن خوشبو کااضافہ ہوجاتا ہے۔ دال بھرے کریلے عمو ماً رائتہ، زیرہ ملے دہی اور چپاتی کے ساتھ پیش کیے جاتے ہیں۔
اجزاء
کریلے 5 عدد
کٹی ہوئی پیاز1 عدد
لہسن کا پیسٹ1 کھانے کا چمچ
زیرہ 1 کھانے کا چمچ
پسا ہوا دھنیا1 کھانے کا چمچ
پسی ہوئی لال مرچ 1 کھانے کا چمچ
گرم مصالحہ 1 کھانے کا چمچ
پسی ہوئی ہلدی 1 چائے کا چمچ
پسا ہوا زیرہ 1 کھانے کا چمچ
پسی ہوئی سفید مرچ 1 کھانے کا چمچ
چاٹ مصالحہ1 کھانے کا چمچ
چنے کی دال اُبلی ہوئی 250 گرام
نمک حسب ذائقہ
کوکنگ آئل 5 کھانے کے چمچ
کریم 3 کھانے کے چمچ
املی کی چٹنی 2 کھانے کے چمچ
تازہ ہرا دھنیا کٹا ہوا سجانے کے لئے
بنانے کا طریقہ
ایک کڑاھی میں کوکنگ آئل ڈال کر اسے درمیانی آنچ پر گرم کریں، پھر اس میں کٹی ہوئی پیاز ڈال کر اچھی طرح تل لیں تاکہ وہ سنہری ہوجائے۔
اب اس میں لہسن کا پیسٹ، پسی ہوئی لال مرچ، گرم مصالحہ، پسی ہوئی ہلدی، پسا ہوا دھنیا، پسی ہوئی سفید مرچ، پسی ہوئی کالی مرچ اور چاٹ مصالحہ ڈال کر اچھی طرح ملالیں تاکہ آمیزہ تیار ہوجائے۔
اب اس میں اُبلی ہوئی چنے کی دال ڈال کر اچھی طرح بھونیں۔
اب اس میں نمک اور کریم ڈال کر اچھی طرح ملالیں، پھر اس میں کٹا ہوا دھنیا ڈال کر اچھی طرح بھونیں پھر اس میں املی کی چٹنی ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔
اب چھلے ہوئے اور اچھی طرح صاف کیے ہوئے کریلے لیں اور ان میں ایک ایک کرکے دال بھریں پھر اس پر دھاگہ لپیٹ دیں تاکہ فرائی کرتے وقت وہ کھل نہ سکیں۔
اب کڑاھی میں آئل گرم کریں اور دال بھرے کریلوں کو اس میں ڈال کر اچھی طرح تل لیں جب وہ گولڈن برائون ہوجائیں تو انہیں نکال کر ٹشو پیپر پر رکھ دیں تاکہ اضافی تیل ٹشو پیپر میں جذب ہوجائے۔
گرما گرم مزے دار دال بھرے کریلے تیار ہیں۔