بھارتی ریاستوں راجھستان اور مدھیہ پردیش سمیت چھ اور ریاستوں میں دومختلف اقسام کے برڈ فلو سے بہت بڑی تعداد میں مرغیوں، بطخوں، کووں اور دیگر پرندوں کی ہلاکت کی خبریں ہیں، وبا کے پھیلاو کے بعد متعلقہ حکام نے چڑیا گھروں سمیت کئی جگہوں پر اسپرے بھی کئے ہیں۔
دنیا ابھی عالمی وبا قرار دیے جانے والے موذی مرض کورونا وائرس سے ہی نجات حاصل نہیں کرسکی کہ اب برڈ فلوکے پھیلنے کی خبریں بھی آ رہی ہیں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت کی کئی ریاستیں اس وقت خطرناک برڈ فلو کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ہزاروں مرغیاں و بطخیں ذبح کی جارہی ہیں بلکہ سینکڑوں پرندوں کی ہلاکت بھی ہو چکی ہے۔
خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت میں دو مختلف اقسام کے برڈ فلو پائے گئے ہیں جن میں ایچ فائیو این ون اور ایچ فائیو این ایٹ شامل ہیں جن کی تصدیق مختلف انواع کے پرندوں پر کیے جانے والے ٹیسٹوں کی بنیاد پر ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ سخت سردی کے مہینوں میں وسطی ایشیائی ریاستوں سے پرندوں کی بہت بڑی تعداد پاکستان اور بھارت سمیت جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کا رخ کرتی ہے اور موسم بہتر ہونے پر اپنے علاقوں میں واپس چلی جاتی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت کی جانب سے فوری طور پر پولٹری مصنوعات کی برآمدات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ خبر کے مطابق برڈ فلو سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اب تک ریاست کیرالہ میں ہوئی ہیں جہاں 12 ہزار سے زائد بطخیں مر چکی ہیں۔ اسی علاقے میں 35 ہزار سے زائد پولٹری پرندوں کو ذبح کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔