انڈے سستی اور اعلی معیار کی پروٹین کا ایک بہت اچھا ذریعہ ہیں۔ انڈے کے سفید حصے میں انڈے کا نصف سے زیادہ پروٹین پائی جاتی ہے ، جس میں وٹامن بی 2 اور زردی کی نسبت چربی کی مقدار بھی کم ہوتی ہے۔ انڈے سیلینیم ، وٹامن ڈی ، بی 6 ، بی 12 اور زنک ، آئرن اورکاپر جیسے معدنیات کا بھرپور ذریعہ ہیں۔
انڈوں کا حلوہ سردیوں میں سب کی من پسند میٹھی ڈش ہے جسے انڈوں کے ساتھ میوہ جات اور پسی ہوئی الائچی شامل کرکے بنایا جاتا ہے۔ اس ڈش کو ناشتے میں پوری کے ساتھ یا خاص مواقع پر برنچ میں بھی شوق سے کھایا جاتا ہے۔
اجزاء
کوکنگ آئل 1 کپ
سوجی 1 کپ
دودھ ½ کپ
انڈے 5-4 عدد اچھی طرح پھینٹ لیں
الائچی پاؤڈر 1 چائے کا چمچ
چینی 1 کپ
زردہ رنگ چند قطرے
کشمش ½ کپ
بادام 4-3 عدد باریک کاٹ لیں
کاجو 7-6 عدد
بنانے کا طریقہ
ایک درمیانی پتیلی میں آئل گرم کرلیں اور اس میں سوجی ڈال کر پکائیں۔
اب ہلکی آنچ پر اس میں دودھ شامل کر کے اسے اچھی طرح ملا لیں۔
ملاتے ہوئے اس میں آدھے پھینٹے ہوئے انڈے ڈال کر ملاتے رہیں جب تک وہ پک نہ جائیں، اس کے بعد اس میں بچے ہوئے انڈے بھی ڈال دیں۔
اب اس میں الائچی پاوڈر ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔
اب اس میں چینی شامل کر لیں۔
اب چند قطرے کھانے کے رنگ ڈال کر ملاتے رہیں جب تک انڈے پک کر پتیلی کا پیندا نا چھوڑ دیں۔
اب اس میں کشمش اور بادام ڈال لیں۔
مزے دار انڈے کا حلوہ تیار ہے۔
اسے کاجو سے سجا کر پیش کریں۔