اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس جمع کرا دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے بانی کی جانب سے دائر کی گئی ریفرنس کی درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ چیف جسٹس عامر فاروق جنہوں نے 11 نومبر 2022 کو عہدہ سنبھالا تھا، نے شکایت کنندہ سے متعلق مقدمات میں غیر معمولی اور غیر ضروری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ ریفرنس میں جسٹس عامر فاروق پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے شکایت کنندہ کے تقریباً تمام مقدمات کو اپنے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیا اور کارروائی کو طول دینے کے لیے جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کیے۔ اس میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ جسٹس عامر فاروق نے ان مقدمات کو نمٹانے میں اپنے عدالتی اختیارات کا غلط استعمال کیا۔
درخواست میں ان الزامات کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے اور استدعا کی گئی ہے کہ اٹھائے گئے خدشات کو دور کرنے کے لیے جسٹس عامر فاروق کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کی جائے۔