پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف مہم کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی جے آئی ٹی کی تشکیل
پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف منظم مہم کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) قائم کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے جس کی سربراہی اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) کریں گے۔ کمیٹی کے ارکان میں ایف آئی اے سائبر کرائم کے ڈائریکٹر، ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کے ڈائریکٹر، ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) انویسٹی گیشن اسلام آباد اور اسلام آباد کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شامل ہیں۔
جے آئی ٹی کا مینڈیٹ اب تک جمع کیے گئے مواد کو استعمال کرتے ہوئے ریاست کے خلاف مہم کی مکمل چھان بین کرنا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے ڈیجیٹل میڈیا سیل کے ہیڈ آفس پر چھاپہ مارا تھا۔