انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ سری لنکا میں جاری آئی سی سی میٹنگز کے آخری روز حتمی شکل دیئے گئے بجٹ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور آئی سی سی نے مل کر تیار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اجلاس میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سمیت بورڈ کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ چیمپئنز ٹرافی فروری 2025 میں پاکستان میں شروع ہونے والی ہے جس کے مجوزہ شیڈول میں تین پاکستانی شہروں میں میچز شامل ہیں۔
پی سی بی نے مجوزہ شیڈول آئی سی سی سے حتمی منظوری کے لیے پیش کر دیا ہے۔ بھارت کے تمام میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کرانے کا منصوبہ ہے۔ تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے ابھی تک پاکستان میں ان کی شرکت کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔